سندربن، 6؍دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) سمندری طوفان جواد کی وجہ سے آج صبح سے ہی مسلسل بارش ہورہی ہے - ریاست کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں - سندربن میں واقع دریاؤں میں طغیانی ہے -سندربن ڈیولپمنٹ کے وزیر بنکم چندر ہزارا نے اتوار کی صبح سندربن کے ساگردیپ میں مختلف ندی باندوں کا دورہ کیا- دوسری جانب بلاک انتظامیہ کے افسروں نے کاک دیپ، ساگر، نم خانہ، پاتھر پرتیما، گوسابا، بسنتی اور کیننگ کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا- سندربن کے نشیبی علاقوں اور کچے مکانوں سے ہزاروں لوگوں کو پہلے ہی نکالا جا چکا ہے - ساحلی علاقوں میں ہمہ وقت مائیکنگ کرکے مقامی لوگوں کو الرٹ کیا جارہا ہے - تاہم لاٹ نمبر کے قریب موری گنگا ندی میں ایک مال بردار کشتی ڈوب گئی- اس واقعے میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے - دوسری جانب نمکنہ بلاک میں واقع موشنی آئی لینڈ کے بلیارہ علاقے میں دریائے چنائے کا تقریباً100میٹر باندٹوٹ گیا ہے اس کی وجہ سے کھارا پانی علاقے میں داخل ہو رہا ہے - مقامی لوگوں کو خدشہ ہے کہ اگر آج رات بھی اسی طرح سے بارش ہوتی رہی تو سندربن میں صورتحال سنگین ہو سکتی ہے - تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان جواد کے بنگال سے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں ہے - علی پور محکمہ موسمیات کے اہلکار سنجیو چٹرجی نے ہفتہ کی سہ پہر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ طوفان آہستہ آہستہ اپنی طاقت کھو دے گا- ریاست میں داخل ہونے سے پہلے، جواد کمزور ہو جائے گا اور ایک گہری ڈپریشن میں بدل جائے گا-اس کے نتیجے میں ساحلی اضلاع میں طوفان کا کوئی خطرہ نہیں ہے - تاہم جنوبی بنگال کے اضلاع میں درمیانی درجے میں بارش ہوگی-محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتہ کی رات سے پیر تک بارش ہوگی- تیز ہوائیں چلیں گی- مشرقی اور مغربی مدنا پور میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے - ہوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی24پرگنہ اور جھاڑگرام میں پیلی وارننگ جاری کی گئی ہے - تاہم ریاستی حکومت خراب موسم سے نمٹنے کیلئے چوکس ہے -